ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار:پارلیمانی انتخابات کو پرامن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ پوری طرح چاق وچوبند

کاروار:پارلیمانی انتخابات کو پرامن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ پوری طرح چاق وچوبند

Tue, 02 Apr 2019 23:29:58    S.O. News Service

کاروار 2؍اپریل (ایس او نیوز) پارلیمانی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کو لاگو کرنے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے ضلع شمالی کینرا کی انتظامیہ پوری طرح چاق و چوبند ہوگئی ہے۔

ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دے رکھی ہے کہ ضلع کے مختلف مقامات پر الیکشن کے پیش نظر قائم کیے گئے خصوصی چیک پوسٹ میں لگے ہوئے سی سی کیمروں کے فوٹیج کا ہر آدھے گھنٹے بعدجائزہ لیا جائے۔اس مقصد کے لئے 206سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کیے جارہے ہیں۔ اور ان کیمروں کے ذریعے ملنے والے فوٹیج کا معائنہ کرنے کا انتظام ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ہی کیا گیاہے ۔اس کے علاوہ ضلع بھر میں 30سے زیادہ تفتیشی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔چیک پوسٹس پر تلاشی تیز کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ موبائل تلاشی اور پٹرولنگ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں جس کے تحت انتخابی ڈیوٹی پرتعینات کیے گئے افسران کسی بھی موٹر گاڑی یا افراد پر شک ہونے کی صورت میں انہیں روک کر تلاشی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں پر مسلسل نگرانی کے دوران کسی بھی موٹر گاڑی پر شبہ ہوتا ہے تو کنٹرول روم سے براہ راست تفتیشی مرکز کواس کی اطلاع دی جاتی ہے۔اس سے انتخاب سے متعلقہ بے ضابطگی اور خلاف ورزیوں پر روک تھام لگانے میں مدد ملے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہائی وے پر سفر کرنے والے عوام سے گزارش کی ہے کہ اس ضمن میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے۔ساتھ ساتھ انہوں نے تفتیشی افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ تلاشی کے نام پر عوام کوہراساں نہ کیا جائے بلکہ ان کے ساتھ عزت اور وقار کا سلوک کیاجائے۔


Share: